khosla ka ghonsla

وہ ایک عام سا دن تھا.... نہ ہوا میں مستی نہ فضا میں کچھ ایسا کہ خواہ مخواہ وصی شاہ یا امجد فراز کو خراج تحسین پیش کرنے کو دل کرے.  ہم علی الصبح قریب 9 بحے اٹھ بیٹھے... امی حضور نے روائیتی پر شفقت "گالیانہ مزاج پرسی" کے بعد بہت محبت سے فرمایا کہ اگر ناشتہ کرنا چاہتی ہو تو دکان سے بریڈ لے آؤ.  ناگا ساکی اور ہیروشیمہ میں کیا دھماکا ہؤا ہو گا جو امی کا یہ حکم سن کر ہمارے معصوم دل پر بم گرا...... بہرحال.... ہمارا شمار ان لوگوں میں ہے جو اگر ایک وقت نا کھائیں تو اضافی تین وقت اس ایک وقت کا غم غلط کرنے کیلئیے کھا بیٹھتے ہیں..... جلدی جلدی ابایہ  پہنا.... اور اپنے بے تحاشہ گھنگھریالے بال,  جو کہ کنڈل کھانے کی دوڑ میں کنڈلی والے سانپوں کو بھی پیچھے چھوڑتے ہیں,  یونہی بنا سلجھائے حجاب میں اُڑس لیے..... تیز قدموں سے گھر سے نکلے....  گو کہ ماننا مشکل ہے مگر اس وقت ہم یقیناً قبول صورت سے بھی کچھ کم ہی لگ رہے تھے....  کہ مطلب صرف بریڈ لانا تھا..... مگر سچ ہے کہ دنیا میں اندھوں کی کمی نہی.... اور ٹھرکیوں کی نظر تو ایک عام اندھے سے بھی چار درجہ کم ہوتی ہے.... ہمارا زنانہ الارم بجا ..دیکھا تو ایک عدد انتہائی باریک ٹھرکی ہمارے پیچھے چلا آ رہا تھا....  گو کہ اسکی باریکی دیکھ کر ہمیں تسلی تھی کہ ہمارے ہاتھ تو کیا ایک انگلی کا دھکا بھی نا سہہ سکے گا.... مگر پھر بھی قدم تیز کر دئیے.... اپنے انتہائی باریک وجود کے ساتھ ساتھ وہ کچھ با ادب سا ٹھرکی تھا جو بہت ادب کے ساتھ پیچھا کر رہا تھا ...اسکا اندازہ ہم نے یوں لگایا کہ جب بھی ہم اسکی طرف دیکھتے وہ نظریں جھکا لیتا....  بہرحال بیکری آئی.... بریڈ لی... جوس پئیا.... سیلز گرل سے گپ لگائی.... باہر آئے تو پھر اسی تنِ ناتواں کو اپنے پیچھے پایا.....  اس گھبراہٹ میں کہ منحوس کہیں گھر نہ دیکھ لے.. قدم کچھ اور تیز کئیے... اچانک ہوا کا ایک تیز جھونکا آیا اور ہمارا سکارف کھل گیا..... پرندے اپنے گھونسلوں کا راستہ بھول بیٹھے کہ شائید آج آشئیاں خود چل کر آ گیا ہمارے پاس....  بہت مشکل سے اس افتاد پر قابو پایا اس کوشش میں بریڈ ہاتھ سے گر گئ..... سکارف دوبارہ باندھ کر کیا دیکھتے ہیں کہ ٹھرکی کی آنکھیں اسکے پورے وجود سے زیادہ پھیل چکی تھیں.....  چہرے پر گہرے دکھ اور سکتے کے آثار تھے ....اس سے پہلے کہ ہم اسکے چہرے کا مزید معائنہ کرتے وہ ایک سکتے کے عالم میں آگے بڑھا بریڈ اٹھائی اور بولا.........  باجی آپکی بریڈ..............!!!!! 

Comments

Popular posts from this blog

نمونہ اور نمونیہ

پھینو